حق خودارادیت کیلئے آواز اٹھانے والوں پر ہندو درندے فاسفورس شیل برساتے ہیں: مشال ملک
لاہور (اپنے نامہ نگار سے+ این این آئی) حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک نے کہا ہے کہ حق خود ارادیت کے لئے آواز اٹھانے والے نہتے اور مظلوم کشمیریوں پر ہندو درندے فاسفورس شیل برساتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن میں خطاب میں کیا۔ مشال ملک کے خطاب سے پہلے کشمیریوں پر بھارتی آرمی کے بہیمانہ تشدد اور بربریت پر مبنی ویڈیو دکھائی گئی جس میں ہندوستانی افواج کی بربریت اور بے گناہ کشمیری مرد، خواتین اور بچوں کے ساتھ جنگلی درندوں سے بھی بدتر سلوک دیکھ کر حاضرین آبدیدہ ہو گئے۔ مشال ملک نے کہا کہ نوجوانوں کی آنکھیں نکال کر اور دیگر غیرانسانی حربے استعمال کر کے ان کو مفلوج کیا جا رہا ہے۔ مودی کو کشمیر کا پانی چاہئے وہاں کے مسلمان آزادی پسند عوام ایک آنکھ نہیں بھاتے وہ ببانگ دہل کہتا ہے کہ پاکستان کو کشمیر کے پانی کی جگہ کشمیریوں کا خون ملے گا۔ وکلاءکشمیریوں کی کاز کیلئے ہماری مدد کریں۔ قائم مقام صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن راشد لودھی نے مشال ملک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن مقبوضہ کشمیر کے عوام کی ہر سطح پر حمایت کر رہی ہے اور ہمارا دل کشمیری عوام کے ساتھ دھڑکتا ہے۔ انہوں نے کشمیر کمیٹی کے چیئرمین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے ہر حکومت میں مذکورہ کمیٹی کے چیئرمین بن کر سرکاری مراعات حاصل کرنے کے علاوہ کشمیریوں کیلئے کوئی قابل ذکر کارنامہ انجام نہیں دیا انہیں چاہئے کہ وہ اس عہدے سے مستعفی ہو جائیں۔ انہوں نے حکومت وقت سے مطالبہ کیا کہ کشمیریوں کا مسئلہ بین الاقوامی عدالت مےں لے جا کر قانونی جنگ لڑ کر حل کریں۔ کشمیر لاءکمشن کمیٹی کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے مشال ملک کو یقین دلایا کہ ملک بھر کی وکلاءبرادری بالخصوص لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے وکلاءآپ کے ساتھ ہیں اور ہم کسی صورت اپنے کشمیری بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
مشال ملک