قوم حکمرانوں کو ریمنڈ ڈیوس کی طرح کلبھوشن کو فرار کرانے نہیں دیگی: سراج الحق
لاہور(خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ آج کی مسلم لیگی قیادت کو تحریک پاکستان کے متعلق آگاہی حاصل کرنے کی ضرورت ہے، مسلم لیگی قیادت کے بیانات پڑھ کر معلوم ہوتا ہے کہ انہیں قیام پاکستان کے حالات کا سرے سے علم ہی نہیں، وہ دانستہ یا نادانستہ اس وقت کی گانگریس کے نظریاتی بھائی بن گئے ہیں اور مودی کو خوش کرنے کیلئے پاکستان کو لادین ریاست قرار دے رہے ہیں، خواجہ آصف جیسے ذمہ دار وزیر کو ایسی باتیں زیب نہیں دیتیں کہ پاکستان کسی خاص مذہب یا مسلک کا ملک نہیں، وزیر موصوف کے بیان نے کروڑوں عوام کے دل زخمی کئے، بیانات تحریک آزادی کے لاکھوں شہداءکے خاندانوں کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہےں پاکستان اسلام کے نام پر بنا تھا اور اس کی خاطر قربانیاں دینے والوں کی زبان پر ایک ہی نعرہ تھا کہ پاکستان کا مطلب کیا لاالہ الا اللہ اور خود قائد اعظم ؒ نے 114بار پاکستان کو اسلام کا قلعہ اور قرآن و سنت کوملک کا دستور قرار دیا تھا،حکمران بتائیں کہ اگر اسلام پاکستان کی بنیاد نہیں تو پھر لوگوں نے تاریخ کی سب سے بڑی ہجرت کیوں کی اور لاکھوں جانوں کانذرانہ کیوں دیا۔ پاکستان کی بنیاد لسانیت، علاقائیت، جمہوریت یا معیشت نہیں تھی بلکہ اسلام تھا اور یہی اس ملک کی پہچان ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں جاری واپڈا پیغام یونین کے مختلف سطح کے عہدیداروں کی تربیت گاہ کے شرکاءسے خطاب اور بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو میں کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ کچھ لوگ آج بھی بھارت کی دوستی پر ملک کی سالمیت کو قربان کرنے پر تلے ہوئے ہیں اور رنگے ہاتھوں پکڑے گئے بھارتی جاسوس کو دودھ پلانے اور شہد کھلانے کی باتیں کرکے سینکڑوں شہریوں کو خون میں نہلانے والوںسے دوستی کا رشتہ مضبوط کرنا چاہتے ہیں۔ قوم ریمنڈ ڈیوس کی طرح حکمرانوں کو کلبھوشن کو ملک سے فرار کرانے کا موقع نہیں دے گی۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ کلبھوشن کی سازشوں اور نیٹ ورک کو سامنے لایا جائے اور کراچی،کوئٹہ اور ملک کے دیگر شہر میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات کے پیچھے بھارتی ہاتھ کو بے نقاب کیا جائے۔ اگر کلبھوشن کو سزا ہوگئی تو کوئی نیا کلبھوشن پیدا نہیں ہوگا اور ملک دہشت گردی سے پاک ہوجائے گا اور اگر وہ بچ نکلا تو آئے روز بھارت سے نئے کلبھوشن پاکستانی شہروں میں خون کی ہولی کھیلنے کے لیے داخل ہوا کریں گے۔ لیفٹیننٹ کرنل حبیب کو اغواءکیا گیا ہے تو اس کی رہائی ہمارے لئے عزت اور غیرت کا مسئلہ ہے، اس کا اگر کلبھوشن کی گرفتاری میں کوئی کردار تھا تو اتنے اہم آفیسر کی حفاظت کیوں نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اپنے شہریوں کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے۔
سراج الحق