سعودی عرب میں مقیم نشاط کالونی کے رہائشی کی جائیداد پر قبضہ‘ مقدمہ درج
لاہور (وقائع نگار خصوصی) سعودی عرب میں مقیم شخص کی جائیداد پر جعلی دستاویزات پر قبضہ کر لیا گیا۔ عدالتی حکم پر تھانہ جنوبی چھاﺅنی نے محمد لطیف اور اس کے بیٹوں کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔ تفصیلات کے مطابق نشاط کالونی لاہور کینٹ کے رہائشی عبدالستار کو پاکستان آ کر پتہ چلا کہ ان کی صدیقی روڈ نشاط کالونی میں واقع دکانوں اور مکان پر محمد لطیف اور اس کے بیٹوں شہزاد وغیرہ نے جعلی کرایہ نامہ و دیگر دستاویزات بنا کر قبضہ کر رکھا ہے۔ عبدالستار کے مطابق پولیس ملزموں کے خلاف کارروائی کرانے کی بجائے مدعی کو سمجھوتہ کرنے پر مجبور کر رہی ہے۔ مدعی عبدالستار نے ایس ایس پی لاہور اور نگران وزیراعلیٰ سے اپیل کی ہے کہ ان کا مکان خالی کروایا جائے۔