امت کو ثقافت سمیت متعدد ان دیکھی جنگوں کا سامنا ہے:حلیمہ سعدیہ
لاہور (خصوصی رپورٹر) خواتین خود کو زیورِ تعلیم سے آراستہ کر کے قومی زندگی کے ہر شعبے میں فعّال کردار ادا کریں مگر دینِ اسلام کی حدود و فرائض کی ہمیشہ پاسداری کریں۔ امت مسلمہ کو عہد حاضر میں متعدد اَن دیکھی جنگوں کا سامنا ہے جن میں ایک ثقافتی نوعیت کی ہے۔ تعلیم یافتہ اور دیندار ماﺅں کی موجودگی میں دشمن ہم پر کبھی غلبہ نہیں پا سکتا۔ ان خیالات کا اظہار پروفیسر حلیمہ سعدیہ نے نظریہ¿ پاکستان ٹرسٹ شعبہ خواتین مادرِ ملّت ؒسنٹر کے زیرِاہتمام ایوانِ کارکنانِ تحریکِ پاکستان میں ایک خصوصی نشست بعنوان”فکر اقبالؒ کی رو سے قومی ترقی میں خواتین کا کردار“ سے اپنے کلیدی خطاب میں کیا۔ اس موقع پرانچارج مادرِ ملتؒ ریسورس سنٹر پروفیسر ڈاکٹر پروین خان بھی موجود تھیں۔ پروفیسر حلیمہ سعدیہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ دورِ حاضر میں امت مسلمہ کو جو سب سے بڑا مسئلہ درپیش ہے‘ وہ مختلف اسلام مخالف تہذیبوں او ر ثقافتوں کی یلغار ہے۔ اس یلغار کا کامیابی سے مقابلہ کرنے کے لیے ضروری ہے کہ مسلمان قوم بالخصوص مسلمان خواتین قرآن مجید کی طرف رجوع کریں۔ انہوں نے کہا کہ علّامہ اقبالؒ کا کلام درحقیقت قرآن مجید کی شعری تفسیر ہے۔ انہوں نے اپنے کلام میں عورت کو بحیثیت ماں اپنے فکر و تدّبر کا مرکز بنایا اور ہندوستان و یورپ میں قوموں کی زندگی میں عورت کے کردار کا مطالعہ و مشاہدہ کیا۔ علامہ اقبالؒ کے نزدیک وہ مسلمان عورت نہایت لائق احترام ہے جو اپنی اولاد کی پرورش اعلیٰ اسلامی اخلاقی اقدار پر کرتی ہے۔ پروفیسر حلیمہ سعدیہ نے نشست میں موجود طالبات کو تاکید کی کہ اپنی عملی زندگی میں اگر کبھی انہیں گھر اور پیشہ ورانہ زندگی نیز سماجی و معاشی مقا م و مرتبہ میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنے کا مرحلہ درپیش ہو تو وہ ہمیشہ گھر کو ترجیح دیں۔ عورت اگر گھر میں سرخرو ہے تو گھر سے باہر بھی اس کی بے حد عزّت و تکریم کی جائے گی۔ لیکچر کے بعد منہاج یونیورسٹی کے پروفیسر اویس سلیم ہمایوں نے کہا کہ عورت کی اصل اس کا ماں کے عظیم الشان مرتبے پر فائز ہونا ہے۔ قبل ازیں پروفیسر ڈاکٹر پروین خان نے نشست کی غرض و غایت بیان کرتے ہوئے کہا کہ تحریکِ قیامِ پاکستان کے دوران خواتین نے انتہائی سرگرم کردار ادا کیا تھا اور آج وطنِ عزیز کو درپیش سنگین مسائل سے کامیابی کے ساتھ عہدہ برآءہونے کے لیے بھی خواتین کو اپنے اندر وہی جوش و جذبہ پیدا کرنا ہوگا۔