انتخابات طالبان کی حامی اور مخالف قوتوں کے درمیان ہونگے: رحمن ملک
لاہور(آئی این پی) پیپلز پارٹی کے سنیٹر رحمان ملک نے کہا ہے عام انتخابات طالبان کی حامی اور مخالف قوتوں کے درمیان ہونگے، شریف برادران پرویز مشرف کے خلاف سڑکوں پر احتجاج نہیں کر سکتے تو ان کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کیلئے درخواست دے سکتے ہیں اور ان کو دینی چاہئے۔ مجھ سے سکیورٹی واپس لے کر کسی کا بھلا ہوتا ہے تو میں نہتا ہی چلنے کیلئے تیار ہوں۔ دعویٰ سے کہتا ہوں آنے والی حکومت بھی پیپلز پارٹی کی ہو گی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا پیپلز پارٹی نے مفاہمت کی سیاست سے جمہوریت اور پارلیمنٹ سمیت تمام اداروں کو مضبوط کیا اور عوامی مسائل کے حل کیلئے پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں تاریخی منصوبے مکمل ہوئے۔ انہوں نے کہا انتخابات ایک منٹ کیلئے بھی تاخیر کا شکار نہیں ہونگے۔ انہوں نے کہا میں عوامی سیاستدان ہوں، ملک چھوڑ کر کہیں نہیں جاﺅنگا۔
رحمن ملک