مسلم لیگ (ن) کو تاجروں کی پسندیدہ جماعت کا طعنہ دینے والے اپنی سوچ پر نظرثانی کریں : شہباز شریف
لاہور (وقت نیوز + خصوصی رپورٹر) سابق وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کو تاجروں اور دکانداروں کی پسندیدہ جماعت کا طعنہ دینے والوں کو اپنی سوچ پر نظرثانی کرنی چاہئے۔ وقت نیوز کے مطابق مرکزی سیکرٹریٹ میں رائے ونڈ کے وفود سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تجارت ایک مقدّس اور معزز پیشہ ہے جس سے وابستہ پاکستانی مسلم لیگ (ن) کے رہنما محمد نواز شریف سے ان کی اقتصادی اور سیاسی پالیسیوں کی وجہ سے محبت کرتے ہیں۔ وہ جانتے ہیں کہ یہ نواز شریف ہی تھے جنہوں نے اپنے دور حکومت میں ایک طرف ایٹمی دھماکوں سے ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا اور دوسری طرف اپنی معاشی حکمت عملی کے ذریعے پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا تھا۔ یہی وہ دور تھا جب بھارت کے وزیر خارجہ نے اپنے اقتصادی ماہرین کو پاکستان کے معاشی رول ماڈل کی تقلید کرنے کی ہدایت کی تھی۔ محمد شہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی عوام میں مقبولیت صرف تجارت پیشہ افراد تک محدود نہیں بلکہ یہ پاکستان کی واحد سیاسی جماعت ہے جو سرکاری ملازموں، کاشتکاروں، وکیلوں، محنت کشوں، خواتین، طالب علموں غرض کہ زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد میں یکساں طور پر مقبول ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیپ ٹاپ اور اجالا سکیم نے نوجوانوں کی زندگیوں میں انقلاب پیدا کر دیا اور وہ آئندہ الیکشن میں ان پروگراموں کی مخالفت کرنے والے سیاستدانوں سے اپنے ووٹوں کے ذریعے نفرت کا عملی اظہار کریں گے۔ خادم پنجاب نے کہا کہ اس وقت پنجاب کے طول و عرض میں ہزاروں طلبہ و طالبات ایسے ہیں جو میرٹ کی بنیاد پر حاصل کئے گئے لیپ ٹاپس سے جدید علوم سے آگاہی حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ اچھی خاصی رقوم کما کر اپنے ماہانہ تعلیمی اخراجات بھی پورے کر رہے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ دل چھوٹا نہ کریں مسلم لیگ (ن) برسراقتدار آ کر لیپ ٹاپس اور اجالا لیمپس کی تقسیم وہیں سے دوبارہ شروع کرے گی جہاں سے یہ سلسلہ منقطع ہوا تھا تاہم جیسا کہ انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ بھی پہلے کی طرح لیپ ٹاپس اور سولر لیمپس طلبہ اور طالبات کو صرف اور صرف میرٹ کی بنیاد پر دیئے جائیں گے۔
شہباز شریف