شریف برادران کی سکیورٹی‘ الیکشن کمشن کی ہدایات یکطرفہ ہیں: پرویز رشید
لاہور( خصوصی رپورٹر)مسلم لیگی رہنماءاور سینٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف کی سکیورٹی کے بارے میں الیکشن کمشن کی ہدایات غیر منصفانہ اور یکطرفہ ہیں۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر ان دونوں رہنماﺅں کو جس سطح پر سکیورٹی کی ضرورت ہے وہ کسی وضاحت یا دلیل کی محتاج نہیں۔ سابق وزیراعظم اور سابق وزیراعلیٰ ہونے کے ساتھ ساتھ ملک کی سب سے بڑی جماعت کے قائد ہونے کی حیثیت سے ان کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے۔ یہ ذمہ داری اس تناظر میں اور بھی بڑھ جاتی ہے کہ مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیراعظم کو ایک دفعہ قاتلانہ حملے کا نشانہ بنانے کی کوشش کی جا چکی ہے۔سینٹر پرویز رشید نے کہا کہ یہ امر باعث حیرت ہے کہ ملک کے طول و عرض میں دوسری جماعتوں سے تعلق رکھنے والے کہیں کم اہمیت کے سیاستدانوں کو حکومت کی طرف سے خاطر خواہ سکیورٹی مہیا کی جا رہی ہے جبکہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے حوالے سے الیکشن کمشن دوہرے طرز عمل کا مظاہرہ کر رہا ہے۔پرویز رشید نے کہا کہ اگر اس طرح کے کسی اقدام کے نتیجے میں ان رہنماﺅں کے ساتھ کوئی حادثہ درپیش آیا تو اس کے ذمہ دار براہ راست الیکشن کمشن، صدر زرداری اور نگران وزیراعظم ہوں گے۔
پرویز رشید