قیام امن اولین ترجیح ہے‘ انتخابات کے لئے فول پروف سکیورٹی یقینی بنائی جائے گی: سیکرٹری داخلہ پنجاب
لاہور (سپیشل رپورٹر) سیکرٹری داخلہ پنجاب شاہدخان نے کہا ہے کہ حکومت عوام کی جان و مال کے تحفظ کے حوالے سے معاملات کو فوکس کئے ہوئے ہے اور 11مئی کو ہونے والے عام انتخابات کے لئے فول پروف انتظامات کو یقینی بنا یا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو سول سیکرٹریٹ میں اخبار نویسوں سے گفتگو میں کیا۔قبل ازیں انہی کے دفتر میں امن و امان کے قیام کے حوالے سے ایک اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں آئی جی پنجاب آفتاب سلطان، ڈی آئی جی لاہور جواد ڈوگر، سی سی پی او لاہور خالق داد ملک و دیگر نے بھی شرکت کی۔ ذرائع کے مطابق دوران اجلاس 11 مئی 2013 عام انتخابات کے لئے لاہور سمیت صوبہ بھر کے اضلاع، تحصیل کی سطح تک بنائے جانے والے پولنگ سٹیشنوں، پولنگ بوتھوں کی حفاظت اور وہاں آنے والے عوام کی جان و مال کے تحفظ کی غرض سے معاملات زیر بحث آئے۔ جبکہ پنجاب میں متوقع طور پر پیر املٹری فورسز کی تعیناتی کے بارے میں بھی تفصیلی غوروحوض کیا گیا۔ اجلاس کے بعد اخبار نویسوں سے گفتگو میں سیکرٹری داخلہ شاہد خان نے قرار دیا کہ نگران صوبائی حکومت کی ترجیحات میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانا شامل ہے اور اسی کی روشنی میں پنجاب حکومت اپنی پالیسیاں ترتیب دے رہی ہے۔