الیکشن میں عوام، جمہوریت کی جیت، لٹیروں کا بستر گول ہو جائےگا:پرویز ملک
لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ ن لاہور کے صدر اور سابق رکن قومی اسمبلی پرویز ملک نے کہا قومی انتخابات میں عوام اور جمہوریت کی جیت ہوگی اور لٹیروں کا بوریا بستر ہمیشہ کےلئے گول ہو جائے گا۔ مسلم لیگ ن نہ صرف اپنی سنہری روایات پر برقرار رہتے ہوئے عوام کی فلاح وبہبود اور ترقی کے لئے دن رات ایک کر دے گی بلکہ ان لوگوں کا بھرپور احتساب کرے گی جنہوں نے روٹی کپڑے اور مکان کے نام پر لوٹ مار کا بازار گرم کئے رکھا۔ پرویز ملک بیگم پورہ میں ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ پرویز ملک نے کہا ٹیکسوں کی صورت میں عوام سے ملنے والے وسائل ان کا معیار زندگی بلند کرنے کے لئے استعمال کئے جائیں گے اور زیادہ سے زیادہ عوامی مفاد کے حامل منصوبے شروع کئے جائیں گے۔ ہر کونسل میں ضرورت کے مطابق نئے ٹیوب ویل اور فلٹریشن پلانٹ لگانے کے ماسٹر پلان تیار کر لیا ہے۔