سری لنکا میں تامل اخبار کی پریس پر مسلح افراد کا حملہ،فائرنگ
کولمبو (اے پی پی) سری لنکا میں تامل اخبار کی پریس پر مسلح افراد نے حملہ کر کے پرنٹنگ مشین پر گولیوں کی بوچھاڑ کر دی۔ اخبار اتھیوان کے ایڈیٹر تھیوانیا گاما پری منانتھ نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ تین مسلح افراد ہیلمٹ پہنے ان کے پریس آفس میں داخل ہوئے اور مشین پر فائرنگ کر دی۔ اس موقع پر ملزمان نے میرے سٹاف کو دھمکیاں بھی دیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ رواں سال میں اب تک صحافت پر پانچواں حملہ ہے جبکہ اقوام متحدہ کی جانب سے 21 مارچ کو ملک میں میڈیا کے تحفظ کو یقینی بنانے کی ہدایت کے بعد دوسرا حملہ ہے جس کا مقصد اخبار کے کام میں رکاوٹ ڈال کر اس کی سرگرمیوں کو رکوانا چاہتے تھے۔