سابق بھارتی وزیرخارجہ جسونت سنگھ نے کہا ہے کہ تقسیم ہند ایک حقیقت ہے، جسے واپس نہیں لا سکتے، دونوں ممالک کو حقائق تسلیم کرنا ہوں گے۔
ان خیالات کا اظہار جسونت سنگھ نے اسلام آباد میں اپنی کتاب کی تقریب رونمائی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر مذاکرات کے ذریعے اور پانی کا تنازع سندھ طاس معاہدے کے تحت حل ہونا چاہیے۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ پاکستان اور بھارت ایک دوسرے کے خلاف جوہری ہتھیار استعمال نہیں کریں گے۔ اپنی کتاب کے حوالے سے بات کرتے ہوئے جسونت سنگھ نے کہا کہ قائداعظم نے پرامن جبکہ گاندھی نے احتجاج کا راستہ اپنایا۔ بی جے پی سے نکالے جانے اور انتہا پسند ہندوؤں کی جانب سے دھمکیوں کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں جسونت سنگھ کا کہنا تھا کہ مجھے اس کی کوئی پرواہ نہیں۔