گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس کے صدر خالد محمود نے کہا ہے کہ بجلی کا بحران فوری حل نہ کیا گیا تو پورے ملک میں بے روزگاری کے ساتھ ساتھ لاءاینڈ آرڈر کی صورتحال سنگین تر ہونے کا خطرہ ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے چیمبر آفس میں بزنس کمیونٹی کے مختلف وفود سے ملاقات کے دوران کیا اس موقع پر نائب صدور محمد اقبال بٹ ،محمد اظہر اسلم بھی موجود تھے۔خالد محمود نے کہا کہ پنجاب میں بجلی کی تقسیم کے معاملہ پر گوجرانوالہ کے شہریوں کے ساتھ ناروا سلوک کیا جا رہا ہے اور گیپکو کو اس کے حصے کا پورا شیئر بھی نہیں دیا جا رہا جس سے بزنس کمیونٹی سمیت عوام میں سخت غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ انڈسٹری کو کم از کم آٹھ گھنٹے مسلسل بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے، واپڈا اپنے فکس چارجز فی الفور کم کرے۔ بجلی و گیس کی سیاسی بنیادوں پر فراہمی کا سلسلہ ختم کیا جائے ،نجی شبہ کو پاور پلانٹس لگانے کی اجازت دی جائے ،مقامی صارفین اور انڈسٹری کو بجلی کے الگ الگ کنکشن دیئے جائیں۔