جو ڈسٹری بیوشن کمپنیاں جون تک لائن لاسز میں دوفیصد کمی نہیں کریں گی ان کے چیف ایگزیکٹو فارغ کر دیئے جائیں گے۔ وفاقی وزیرراجہ پرویز اشرف
راجہ پرویز اشرف نے یہ بات اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا کہ صوبوں اور مختلف اداروں سے زرعی سبسڈی کی مد میں واجب الادا پچانوے ارب میں سے جون تک دس ارب ہر صورت وصول کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت سندھ اکیس ارب، پنجاب چار ارب، سرحد پندرہ ارب، بلوچستان انیس ارب اور کے ای ایس سی انتالیس ارب کے مقروض ہیں۔ انہوں نے کہا کہ واپڈا، پیپکو اور ڈسکوز میں ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اٹھارہ افسروں کو چارج شیٹ کر دیا ہے۔ اس سے پہلے راجہ پرویز اشرف سے ورلڈ بینک کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں بجلی کے مختلف منصوبوں پر بات چیت کی گئی۔