آرمی چیف کاخطے میں حالیہ پیش رفت کے تناظر میں ہائبرڈ خطرات کا قو م پر مجموعی طورپر جواب دینے پر زور
چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے خطے میں حالیہ پیش رفت کے تناظر میں ہائبرڈ خطرات کے خلاف موثر حفاظت پر زور د یتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم کو بھرپور جذبے کے تحت ان خطرات کا جواب دینے کی ضرورت ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پیر کے روز کور ہیڈ کوارٹرز کراچی کا دورہ کیا جہاں انہیں آپریشنل تیاریوں ، تربیتی نظام اور کور کے انتظامی امور سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی جس دوران آرمی چیف نے صوبے میں داخلی سلامتی کی موجودہ صورتحال خصوصاً پاک فوج اور پاکستان رینجرز کی جانب سے امن و امان برقرار رکھنے کے لئے قانون نافذ کرنے والے دوسرے اداروں کی کوششوں میں معاونت کو سراہا ۔ اس دوران آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے خطے میں حالیہ پیش رفت کے تناظر میں ہائبرڈ خطرات کے خلاف موثر اقدامات پر زور دیا اور کہا کہ پوری قوم کو بھرپور جذبے کے تحت اس کا جواب دینے کی ضرورت ہے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو پاک فوج کی جانب سے کراچی ٹرانسفارمیشن پلانٹ (کے ٹی پی )کے منصوبے پر عملدرآمد کے حوالے سے کوششوں میں کثیر الجہتی معاونت سے متعلقہ بھی آگاہ کیا گیا ۔ یہ منصوبہ گزشتہ سال اگست میں کراچی کے شہری علاقوں میں آنے والے سیلاب کے بعد مختلف بڑے ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے پاکستان کے بڑے میٹرو پولیٹن کراچی کی ترقی کے لئے اہم بڑے اقدامات پر مبنی ہیں ۔