کابینہ نے بیرون ملک سرمائے کی واپسی کیلئے ریکوری یونٹ کے قیام کی منظوری دیدی
وفاقی کابینہ نے بیرون ملک سرمایہ اور اثاثہ جات کی واپسی کے لیے ریکوری یونٹ کے قیام کی منظوری دے دی۔وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں 9 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق وفاقی کابینہ نے کیڈ ڈویژن کو ختم کرنے کی منظوری دیدی جب کہ وفاق میں صحت سے متعلقہ امور وزارت نیشنل ہیلتھ سروسزکے ماتحت کرنے اور ملکی اداروں میں ریگولیٹری نظام کی کارگردگی بڑھانے کے لیے ٹاسک فورس قائم کرنے کی بھی منظوری دے دی گئی۔ ذرائع کاکہناہیکہ کابینہ نے اورنج ٹرین سمیت گزشتہ حکومت کے تمام ماس ٹرانزٹ منصوبوں کا خصوصی آڈٹ کرانیکی منظوری دی ہے جس کے تحت راول پنڈی، لاہور، ملتان اور پشاور میٹرو بس منصوبوں کا عالمی معیارکی آڈٹ فرم سے خصوصی آڈٹ کرایا جائیگا۔ذرائع کے مطابق کابینہ نے بیرون ملک سرمایہ اور اثاثہ جات کی واپسی کے لیے ریکوری یونٹ کے قیام کی بھی منظوری دے دی، ریکوری یونٹ احتساب کے حوالے سے ٹاسک فورس کی معاونت کرے گا۔ذرائع نے بتایا کہ کابینہ نے پاکستان نیوی ایکٹ 1961میں ترمیم اور سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں انکم ٹیکس ترمیمی آرڈنینس میں ترمیم کی بھی منظوری دے دی ہے۔