وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف بیرسٹر فروغ نسیم سے برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات

Oct 13, 2021 | 22:30

ویب ڈیسک

وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف بیرسٹر ڈاکٹر فروغ نسیم سے برطانوی ہائی کمشنر نے ملاقات کی۔ وزارت قانون و انصاف سے جاری اعلامیے کے مطابق برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچن ٹرنر اور ان کی ٹیم نے وفاقی وزیر بیرسٹر فروغ نسیم سے بدھ کو یہاں وزارت قانون و انصاف میں ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی اور قانونی تعاون سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال ہوا ۔

برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچن ٹرنر نے پاکستان میں اہم قانون سازی کیلئے وزیر قانون کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ فروغ نسیم کی جانب سے کی گئی کریمنل ریفارمز بہت اہم ہیں ، کریمنل ریفارمز سے ملک میں فوجداری مقدمات کے نظام قانون میں مکمل طور پر بہتر تبدیلی آئے گی ۔ اس دوران ڈاکٹر فروغ نسیم نے کہا کہ ملک میں نظام انصاف کی بہتری کیلئے وزارت قانون تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے اور نظام انصاف کی بہتری کے مسودے سمیت ہر قسم کی قانونی معاونت اور مشورے فراہم کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزارت قانون کو روزانہ تقریبا 100 سے 150 ریفرنس ملتے ہیں اور ان تین سالوں میں وزارت قانون و انصاف نے ایک لاکھ سے زائد مقدمات نمٹا ئے ہیں ۔ ملاقات کے دوران پارلیمانی سیکرٹری برائے قانون و انصاف بیرسٹر ملیکا علی بخاری بھی موجود تھیں ۔

مزیدخبریں