عشرہ شان رحمت للعالمینؐ تقریبات جوش و خروش سے جاری
لاہور(نیوز رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر پنجاب کے ہر شہر میں عشرہ شان رحمت اللعالمینؐ کے سلسلے میں مذہبی تقریبات میں نبی کریم ؐکو نذرانہ عقیدت پیش کرنے کا سلسلہ پوری عقیدت اور جوش و خروش سے جاری ہے۔ شمع رسالت کے پروانے شہر شہر، قریہ قریہ میلاد مصطفی‘ نعتیہ محافل، سیرت النبی پر علماء و مشائخ کی تقاریر اور مساجد پر چراغاں کر رہے ہیں۔ صوبہ بھر کے تعلیمی اداروں میں سکول، کالج اور یونیورسٹی کی سطح پر نبی پاکؐکی ذات بابرکات کی تعلیمات اور شخصیت کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالنے کیلئے تقریری مقابلوں اور حسن قرات و نعتیہ مقابلوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ علمائے کرام اور مقررین نے کہا کہ حیات طیبہ تمام انسانوں کیلئے ہدایت کا سرچشمہ ہے۔لاہور میں محکمہ سوشل ویلفیئر کے زیراہتمام جوہرٹاؤن پناہ گاہ میں محفل میلاد منعقد ہوئی۔ دیگر شہروں میں محافل سماع اور صوبائی سطح پر مقابلہ کتب سیرت طیبہ و کیلی گرافی کی نمائشیں منعقد ہوئیں۔ سرکاری دفاتر اور مساجد پر چراغاں کیا جا رہا ہے۔ پنجاب بھر کے صوبائی وزراء کو مختلف اضلاع اور ڈویژنز میں عشرہ شان رحمت اللعالمین کے سلسلے میں منعقد ہونے والی تقریبات کی نگرانی سونپی گئی ہے۔