محبت
وہ کہنے لگی ۔۔۔ ایسا نہیں تھا کہ وہ پیدا ہوا اور مجھے اس سے محبت ہو گئی ۔۔ یہ محبت مجھے اس کے ساتھ رات جاگنے سے شروع ہوئی ۔۔ یہ محبت اس وقت پروان چڑھی جب میں اس ڈر سے کہ کہیں وہ پر سکون نیند میں چونک نہ جائے اس کے سر کے نیچے رکھا اپنا ہاتھ کئی گھنٹے تک ہلاتی نہیں تھی ۔ یہ محبت مضبوط تر ہوئی جب اس کو کھانا کھلائے بغیر میرے حلق سے نوالا نہیں اترتا تھا ۔۔ یہ محبت اس کے دھلے ہوئے ننھے ننھے کپڑے سکھا کر تہ کرنے کے دوران نکھری ۔ یہ محبت اس کے موزوں کے جوڑے ڈھونڈتے اور ٹوپیاں سنبھالتے سنبھالتے سنبھلی ۔۔۔۔ تو محبت جیسی کتابوں نے بتائی ویسی نہیں ہے ۔۔۔ اس محبت کو رات جاگنے کی عادت ہے۔ اس محبت کو اپنی کنگھی کرنے کی فرصت نہیں۔۔ اس محبت میں اپنی خواہشات ابالنے سے زیادہ فیڈر کی بوتل ابالنا اہم ہے ۔ یہ محبت غزلوں میں بیان نہیں کی گئی ۔ اس محبت کو کسی گیت نے نہیں گایا لیکن یہ وہ محبت ہے جس میں عاشق لکڑی سے لوہا کاٹ لیتا ہے۔