بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنا رکھا ہے:علی امین گنڈا پور
اسلام آباد(نیوزرپورٹر)وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈا پورنے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے متحرک سفارتکاری کے ذریعے مسئلہ کشمیرکو عالمی سطح پر بھر پور انداز سے اجاگر کیا اور اس سلسلے میں وزیر اعظم عمران خان کا جنرل اسمبلی میںخطاب ایک اہم سنگ میل ثابت ہواہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہارآل پارٹیز حریت کانفرنس کے کنوینئرفیض نقشبندی سے ملاقات کے دوران کیاجنہوں نے اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی ۔ملاقات میں مسئلہ کشمیر اور بلخصوص مقبوضہ کشمیر میں جاری کرفیو اور بھارتی ریاستی دہشت گردی کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی گئی۔اس موقع پر وفاقی وزیر نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنا رکھا ہے اور دو ماہ سے زائد عرصے سے جاری کرفیو درحقیقت کشمیریوں کی اجتماعی نسل کشی کے مترادف ہے۔آل پارٹیز حریت کانفرنس کے کنوینئر فیض نقشبندی نے وزیر اعظم کے جنرل اسمبلی کے خطاب پر انھیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کے خطاب کو مقبوضہ کشمیر میں بھر پور پذیرائی حاصل ہوئی اور اس خطاب سے مقبوضہ کشمیر کے عوام میں حق خودارایت کے حصول کا عزم اور بھی مضبوط ہوا ۔اے پی ایچ سی کے کنونیئر نے جنرل اسمبلی کے موقع پر کشمیریوں سے یکجہتی کے اظہار بارے وفاقی وزیر کی کوششوں کی بھی تعریف کی اور کہا کہ بطور وزیر امور کشمیر انہوں نے امریکہ میں جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر اپنے کشمیری بہنوں اور بھائیوں سے بھر پور یکجہتی کا اظہار کیا جس پر وہ مقبوضہ کشمیر کی عوام کی طرف سے انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جس متحرک انداز سے پاکستان کی حکومت اور عوام مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کررہے ہیں اس سے مسئلہ کشمیر سے متعلق عالمی حمایت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور عالمی میڈیا کو بھی چاہیے کہ اس مسئلے کی حساسیت کو جانتے ہوئے روزانہ کی بنیاد پر مزیدپورٹنگ کرے، یہ امید پیدا ہوچلی ہے کہ وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر کے عوام اپنا حق خودارادیت لینے میں کامیاب ہو جائیں گے اور بھارتی تسلط سے آزادی حاصل کر لیں گے۔