پاکستان میں پی ایس ایل میچز کا انعقاد تاریخی موقع ہو گا:عاطف رانا
لاہور(نمائندہ سپورٹس)لاہور قلندرز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عاطف رانا کا کہنا ہے کہ ہماری پوری توجہ پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن پر ہے۔ لیگ کے میچز پہلی مرتبہ پاکستان میں ہو رہے ہیں۔ ملک میں پی ایس ایل میچز کا انعقاد ایک تاریخی موقع ہو گا۔ ہمیں بھرپور انداز میں اسکی تیاری کرنے کی ضرورت ہے۔ خالصتا پیشہ وارانہ انداز میں تمام وینیوز پر سہولیات کو دیکھنے اور بین الاقوامی معیار کے مطابق انہیں تیار کرنے کی ضرورت ہے۔ متحدہ عرب امارات میں پاکستان سپر لیگ نے اچھے اور معیاری انتظامات اور سہولیات کی وجہ سے پہچان بنائی ہے۔ بہترین معیار مقرر کرنے کے بعد سب سے بڑا مرحلہ اسے برقرار رکھنا ہوتا ہے۔ ساری دنیا کی نظریں پاکستان سپر لیگ پر ہوں گی۔ چونکہ ہم پہلی مرتبہ میزبانی کر رہے ہوں گے اس لیے بیرونی دنیا میں اس کی اہمیت بہت زیادہ ہے۔ ہمیں معیار کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات کرنا ہوں گے۔ لاہور قلندرز نے مشکل وقت میں بھی جب پی ایس ایل کے میچز پاکستان میں نہیں ہو رہے تھے مختلف سرگرمیوں کے ذریعے شائقین کرکٹ کو متحرک اور انہیں پاکستان سپر لیگ کے ساتھ جوڑے رکھنے بہت اہم کردار ادا کیا ہے۔ ہمارا پلیئرز ڈیویلپمنٹ پروگرام بہت کامیاب رہا‘ لاکھوں نوجوانوں کو صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع ملے‘پی ایس ایل کی مقبولیت میں بھی اضافہ ہوا ہے۔لاہور قلندرز کا شمار سب سے متحرک فرنچائز میں ہوتا ہے۔ کوشش ہو گی زیادہ بہتر ٹیم بنائیں اور ٹیم اچھے نتائج بھی دے۔ مسلسل ہارنے سے اعتماد میں کمی آتی ہے اور یہ فرنچائز فینز کیلئے ناقابل برداشت بھی ہوتا ہے۔