ریلوے کے کھلاڑی میڈلز جیتیں انعامات سے نوازوں گا: شیخ رشید
لاہور (سٹاف رپورٹر) 33 ویں نیشنل گیمزکی مشعل ریلی کی تقریبات ملک بھر میں جاری ہیں‘ ریلوے سپورٹس بورڈ کے زیر اہتمام شاندار تقریب کا اہتمام ریلوے ہیڈ کوارٹر میں کیا گیا جہاں پر مشعل ریلی کا شاندار استقبال کیا گیا۔ مہمانِ خصوصی وفاقی وزیر ریلوے و سرپرست اعلیٰ ریلوے سپورٹس بورڈ شیخ رشید احمد تھے۔ اس موقع پر سی ای او ریلویز اعجاز احمد ابڑو، آئی جی ریلویز واجد ضیائ، سیکرٹری جنرل پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن خالد محمود، جنرل منیجر ریلوے و صدر ریلوے سپورٹس بورڈ شاہد عزیز، نائب صدر ریلوے سپورٹس بورڈ ہمدان نذیر، شیخ محمد انور، سپورٹس آفیسر طارق محمود، اکائونٹس آفیسر عطا حسین بٹ، سید نجم السعید، ذیشان رضوی، سابق اولمپین انور علی شاہ، محمد عظیم جیمی، محمد آصف علی، میر اقبال پرویز، حسنین عابد، عمران، منظور علی عارف، اویس اکبر،عثمان ستار، وقاص اکبر، ریلوے کے اعلیٰ افسران ، سکولوں کے بچوں اور کھلاڑیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ ہمدان نذیر نے ریلوے کی کھیلوں اور نیشنل گیمز سے متعلق بھی گفتگو کی۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان ریلوے کھیلوں کا تاریخی ادارہ ہے اور اس کے کھلاڑیوں نے ہمیشہ ہی اپنے شاندار کھیل سے بین الاقوامی طور پر پاکستان ریلوے کا نام روشن کیا ہے۔ تمام کھلاڑیوں کو بجا طور پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ ریلوے کے کھلاڑی نیشنل گیمز میں شاندار کھیل پیش کریں۔ میڈل حاصل کریں اور ٹرافی جیت کر آئیں تو میں انشاء اللہ شاندار انعامات سے نوازوں گا۔ اس موقع پر پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل خالد محمود نے شیخ رشید احمد کو نیشنل گیمز کی ٹارچ پیش کی اور کہا کہ ریلوے نے سب سے اچھی تقریب منعقد کرکے ہمارے دل جیت لئے ہیں۔