لاہور (سٹاف رپورٹر + آن لائن + ثناءنیوز) انجنوں کی کمی کے باعث ریلوے حکام نے گزشتہ روز ملکی سطح پر 112ٹرینیں منسوخ کر دیں جبکہ پاکستان سٹیٹ آئل نے ریلوے کو 10لاکھ لٹر ڈیزل فراہم کر دیا ہے جسکے بعد ریلوے کے پاس چار روزکا ایندھن ذخیرہ ہو گیا ہے۔ بتایا گیا ہے بدھ کے روز ریلوے کی سات ڈویژنوں میں انجنوں کی کمیابی کے باعث میل ایکسپریس، انٹر سٹی اور مکسڈ قسم کی 112ٹرینوںکو نہیں چلایا جا سکا جس کی وجہ سے سینکڑوں مسافر مختلف ریلوے سٹیشنوں پر پھنس کے رہ گئے۔ ریلوے ذرائع کا کہنا ہے ریلوے نے 22کروڑ روپے کے7 چیک پی ایس او کو دے رکھے ہیں جبکہ اڑھائی کروڑ روپے کا ایک اور چیک بھی پی ایس او کو دیدیا گیا ہے جس سے ریلوے کے مختلف آئل ڈپوز میں تیل کی صورتحال تسلی بخش ہو گئی ہے۔ آن لائن کے مطابق بھارتی ریلویز نے پاکستان کو پچاس انجن لیز پر دینے سے انکار کر دیا ہے، بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق ایم ڈی برائے ریل انڈیا ٹیکنیشن اینڈ اکنامک سروسز راجیو لہروئرا نے کہا ہے کہ اس وقت پاکستان کو پچاس لوکو موٹو فراہم کرنے سے بھارتی ریلوے مسائل سے دو چار ہو جائے گی اور یہ مسائل پر سمجھوتے کے مترادف ہوگا لہذا ہم پاکستان کو انجن دینے کے حق میں نہیں۔ ثناءنیوز کے مطابق بھارتی حکام کو یہ خدشہ ہے اگر پاکستان کو لیز پر انجن دئیے گئے تو اسے پیسے نہیں ملیں گے۔ بعض مبصرین کا کہنا ہے پاکستان نے بھارت کو پسندیدہ ملک قرار دینے کا اصولی فیصلہ کیا ہے مگر بھارت کی طرف سے جواب ملا ہے انہیں اپنے پیسے نہ ملنے کا خدشہ ہے اس لئے پاکستان کو لیز پر انجن نہیں دئیے جا سکتے۔
شہباز شریف اب اپنی ساکھ کیسے بچائیں گے
Apr 18, 2024