اسرائیلی حریف کو شکست دیکر زیادہ خوشی ہوئی : محمد آصف
لاہور(نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر) ورلڈ سنوکر چیمپئن شپ کے دوسری بار فاتح محمد آصف نے کہا ہے کہ کشمیریوں پہ ظلم و ستم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں میں اپنی کامیابی والدین اور فیملی کے نام کرتا ہوں۔ ترکی اس عزم کے ساتھ گیا تھا کہ ملک کیلئے گولڈ میڈل جیت کر آؤں، اللہ کا شکر ہے کہ اس نے سرخرو کیا۔ پورے ٹورنامنٹ کے دوران فاتح پوزیشن میں ہی رہا، کبھی بھی ایسا محسوس نہیں ہوا کہ ہار جاؤنگا۔ سب سے زیادہ خوشی اسرائیلی کو ہرا کر محسوس کی۔ کوارٹر فائنل کا میچ کافی مشکل تھا وہ ہمیشہ یاد رہیگا، تھائی لینڈ کے کھلاڑی کو ہرایا تھا، اس میچ کے دوران ایک لمحے کیلئے محسوس ہوا کہ شاید میچ برابر ہو جائے۔ جب بھی میچ کھیلنے جاتے ہیں تو پاکستان بلیئرڈ اور سنوکر فیڈریشن ہی اخراجات اٹھاتی ہے۔سنوکر کی بہتری کے حوالے سے وزیراعظم کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ تمام کھیلوں کو بہتر کرنے کیلئے جو بھی اقدام کرنا چاہیے وہ ضرور کریں کیونکہ آپ کو بہتر طور پر اندازہ ہے کہ ایک کھلاڑی کو کن کن مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔