ون ڈے رینکنگ‘ بابراعظم بلے بازوں میں تیسرے نمبر پر موجود
لاہور( سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ سپورٹس ) آئی سی سی ون ڈے رینکنگ کے مطابق بیٹسمین بابراعظم تیسرے نمبر پر جبکہ بائولرز میں محمد عامر ساتویں نمبر پر موجود ہیں۔آئی سی سی کی جانب سے ون ڈے رینکنگ جاری کی گئی ہے جس کے مطابق پاکستانی بیٹسمین بابراعظم تیسرے نمبر پر موجود ہیں جبکہ ٹاپ ٹین میں بالترتیب ویرات کوہلی، روہت شرما، بابر اعظم، ڈیوپلیسی، روس ٹیلر، کین ولیمسن، ڈیوڈ وارنر، جوئے روٹ، کوئنٹن ڈی کوک، جیسن رائے شامل ہیں۔ پاکستان کے امام الحق بارہویں، فخرزمان سولہویں اور حارث سہیل اکتیسویں پوزیشن پر موجود ہیں۔بولرز کی فہرست میں محمد عامر ساتویں نمبر پر ہیں جب کہ ٹاپ ٹین میں بالترتیب ٹرینٹ بولٹ، مجیب الرحمان، کاگیسو ربا دا، پیٹ کمنز، کرس ووئیکس، مچل اسٹارک، محمد عامر، میٹ ہینری اور لوکی فرگوسن کے نام شامل ہیں۔پاکستانی بائولر شاہین شاہ آفریدی تئیسویں، شاداب خان ستائیسویں، عمادوسیم پینتیسویں اور حسن علی چالیسویں نمبر پر ہیں جبکہ آل راؤنڈر میں بین سٹوکس سرفہرست، محمد نبی دوسرے اور عماد وسیم تیسرے نمبر پر ہیں۔