ایران میں یورینیم کے ذرات کا سراغ مل گیا: آئی اے ای اے
تہران(این این آئی)اقوام متحدہ کے تحت جوہری توانائی کے عالمی ادارے(آئی اے ای اے)نے اپنی تازہ رپورٹ میں ایران میں ایک غیر علانیہ جگہ میں یورینیم کے ذرات کا سراغ لگانے کا انکشاف کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق آئی اے ای اے نے ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق یہ رپورٹ جاری کی اور اس میں کہا کہ اس جگہ سے یورینیم کے قدرتی ذرات کا پتا چلا ہے۔ ایران نے پہلے اس کے بارے میں ایجنسی کو مطلع نہیں کیا تھا۔آئی اے ای اے نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ ایران نے زیر زمین یورینیم کو افزودہ کرنا شروع کردیا ہے۔اس طرح اس نے عالمی طاقتوں کے ساتھ طے شدہ سمجھوتے کی ایک اور خلاف ورزی کا ارتکاب کیا ہے۔آئی اے ای اے نے اپنی اس سہ ماہی رپورٹ میں مزید بتایا کہ ایران کے پاس افزودہ یورینیم کے ذخائر اور مقررہ حدودسے زیادہ ہے۔ دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے ایک بار پھر ایران کے جوہری معاہدے کو تباہ کن قرار دیتے ہوئے اس پرتنقید کی ہے اورکہا یہ معاہدہ اگلے سال ایران کو اسلحہ خریدنے اور فروخت کرنے کی اجازت دے گا۔ البتہ ایران کو ایسا کرنے سے روکنے کے لیے سلامتی کونسل کو حرکت میں آنا ہوگا۔ سلامتی کونسل ایران کو اسلحہ کی خریداری سے روک سکتی ہے۔