عید میلادالبیؐ پر ملتان میں ڈبل سواری اور بغیر اجازت اجتماع پر پابندی عائد
ملتان (نامہ نگار خصوصی) ڈپٹی کمشنر ملتان مدثر ریا ض ملک کی زیرصدارت ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روز سرکٹ ہائوس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں جشن عید میلاد النبی کے سلسلے میں سکیورٹی انتطامات اور امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کریم بخش،مئیر ملتان چوہدری نوید الحق آرائیں، ایس پی محمد کاظم نے بھی شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر ملتان مدثر ریاض ملک نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ جشن میلاد النبی کے موقع پر جلوسوں کی سکیورٹی اور روٹس کی صفائی کے لئے مثالی انتظامات کرے گی۔ علماء کرام اپنے خطابات میں امن اور بھائی چارے کا پیغام دیں تاکہ شہر کی فضاء کو پر امن رکھا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ عید میلاد النبی کے موقع پر دفعہ 144کے تحت ڈبل سواری اور بغیر اجازت اجتماع کرنے پر سخت پابندی ہوگی جبکہ لائوڈ سپیکر ایکٹ پر عمل درآمد بھی ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ میئر ملتان چوہدری نوید الحق آرائیں نے علماء کرام کو میونسپل کارپوریشن کی جانب سے تمام انتظامات بر وقت مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔اجلاس میں علماء کرام سید علی رضا گردیزی ،مزین چاون، ایوب مغل، مفتی عثمان پسروری، بلال عطاری نے بھی خطاب کیا۔