صحافی نصراللہ انسداد دہشتگردی عد الت میں پیش
کراچی (وقائع نگار) انسداد دہشت گردی منتظم عدالت میں چار روز سے لاپتہ سینئر صحافی نصراللہ خان کو پیش کردیا گیا۔سینئر صحافی نصراللہ خان کو سی ٹی ڈی پولیس نے پیش کیا،جہاں عدالت نے تفتیشی افسر کی ریمانڈ سے متعلق دو ہفتوں کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ،دودن کا ریمانڈ دے دیا۔عدالت نے 14نومبر کو نصراللہ خان کو پیش کرنے کاحکم دیتے ہوئے پیش رفت رپورٹ طلب کرلی۔جسٹس نعمت اللہ پھلپوٹو نے استفسار کیا کہ کس الزام میں ایک صحافی کو گرفتار کرلیا ہے کیوں ریمانڈ چاہئے،تفتشی افسر نے بتایا کہ سینئر صحافی نصراللہ خان کے خلاف مبینہ ممنوعہ لٹریچر برآمدگی کامقدمہ درج کیاگیا ہے۔عثمان فاروق ایڈوکیٹ نے کہاکہ صحافی کاکام ہے خبریں اکھٹے کرنا اور لوگوں سے ملاقات کرنا، ایک صحافی پر مواد رکھنے اور ملاقات کرنے کا الزام مذاق کے مترادف ہے۔ حیدر امام ایڈووکیٹ نے کہاکہ گورنرہائوس پر احتجاج کے بدلے انسداد دہشت گردی کامقدمہ درج کردیا گیا۔ ہم وکلاء بھی اس احتجاج میں نصراللہ خان کے ساتھ شریک تھے۔ علاوہ ازیں سی ٹی ڈی پولیس کے مطابق سولجر بازار نمبر ایک میں کارروائی کرکے نصراللہ عرف چوہدری کو گرفتار کرلیا سی ٹی ڈی پولیس کے مطابق نصراللہ عرف چوہدری حکومت‘ مسلح افواج کے خلاف شرانگیزی کرنے کے علاوہ مذہبی منافرت پھیلانے میں بھی ملوث ہے اس کے قبضے سے قابل اعتراض لٹریچر بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ سی ٹی ڈی پولیس کو 8 نومبر کو نصراللہ عرف چوہدری کی کراچی پریس کلب میں موجودگی کی اطلاع ملی تھی اور اس کی تلاش میں اہلکار پریس کلب میں داخل ہوئے لیکن وہ رش کا فائدہ اٹھاکر فرار ہوگیا تھا سی ٹی ڈی پولیس کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ 8 نومبر کے واقعے پر صحافیوں کی دل آزاری ہوئی تو اس پر افسوس ہے۔