سردیوں میں گیس کی لوڈشیڈنگ نہ کرنے کیلئے کوشاں ہیں‘ غلام سرو ر خان
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل غلام سرور نے کہا ہے کہ نواز دور حکومت میں گیس کی قیمت نہ بڑھانے کی وجہ سے گیس کمپنیاں دیولیہ کے قریب آچکی ہیں جس کی وجہ سے گیس مہنگی کرنی پڑی لیکن اس بات کا خیال رکھا گیا کہ کم گیس خرچ کرنے والوں کو زیادہ مالی بوجھ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ہماری کوشش ہے سردیوں میں گیس کی لوڈ شیڈنگ نہ کی جائے، اس وقت سوئی سدرن 13فیصد اور سوئی نادرن 10.50فیصد لائن لاسز کا شکار ہے ، ماضی کی 20ارب کی گیس کی چوری ہوتی رہی ہے جس میں سابقہ حکومت برابر کی شریک ہے۔ وہ پارلیمنٹ کے باہر صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی پالیسی کے مطابق انڈسٹریز کو سستی گیس فراہم کرنا چاہتے ہیں تاکہ لوگوں کو روزگار مل سکے۔ سب سے پہلے ترجیح فیصل آباد کی ٹیکسٹائل انڈسٹری ہے۔ جس سے 5لاکھ مزدورں کو روزگار کے مواقع ملیں گے۔ انہوں نے کہا کہ احتساب بے لاگ ہونا چاہیے اور کسی کے ساتھ زیادتی نہ ہو۔ ماضی میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نے ایک دوسرے کے خلاف نیب کو استعمال کیا۔ اگر نیب قوانین میں تبدیلی کی ضرورت ہے تو حکومت اس کیلئے تیار ہے لیکن یہ نہیں ہوسکتا کہ غریب کا احتساب ہو اور پارلیمان کو چھوڑ لیا جائے۔