انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد نے 10روزہ لین ڈسپلن مہم کا آغاز کر دیا
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد محمد عامر ذوالفقار خان نے 10روزہ لین ڈسپلن مہم کا آغاز کر دیا ،اس سلسلہ میں ڈھوکری چوک اسلام آباد میں ایک تقریب ہوئی ۔آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ اس مہم میں موٹر سائیکلز پر خاص توجہ دی جائے گی ،انہوں نے کہا کہ موٹرسائیکل سوار ہیلمٹ کا استعمال کم کرتے ہیں اور روڈ پر لین وائلیشن کرتے ہیں ،ملک کی ٹریفک انٹرنیشنل لیول پر ملک کے امیج کی عکاسی کرتی ہے اور وفاق میں ٹریفک ڈسپلن بہت ضروری ہے ،انہوں نے میڈیا سے بھی اپیل کی وہ ٹریفک ڈسپلن کی خلاف ورزی کی نشاندہی کریں اور اس مہم میں اپنا کردار ادا کریں ،ان کی طرف سے نشاندہی پر فوری ایکشن لیا جائے گا،انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ لین ڈسپلن پر عمل کریں ،انہوں نے اسلام آباد ٹریفک پولیس کو احکامات بھی جاری کئے کہ وہ ایکسپریس ہائی وے اور مارگلہ روڈ پر لین ڈسپلن پر خصوصی توجہ دیں اور ان روڈ ز پر ٹریفک اہلکاروں کی تعداد کو بڑھائیں،آئی جی اسلام آباد نے اس مہم کے لئے اسلام آباد ٹریفک پولیس کے لئے مزید پانچ ہیوی بائیکس دینے کے احکامات بھی دئیے ،آخر میں آئی جی اسلا م آباد نے افسران کے ہمراہ روڈ پر شہریوں میں پمفلٹس بھی تقسیم کئے اور کہا کہ مستقبل میں ٹریفک کے نظام کو مزید بہتر بنانے کے لئے مہم چلائی جائے گی۔