نواز شریف تمام جھوٹے مقدمات سے سرخرو ہوکر نکلیں گے، راجہ جاوید اقبال
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) پاکستان مسلم لیگ ن کے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن راجہ جاوید اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد محمد نواز شریف تمام جھوٹے مقدمات میں سرخرو ہوکر نکلیں گے، عوام کا مینڈیٹ چوری کرنے والے دوسروں کو ’’چور چور‘‘ کہہ رہے ہیں۔ آزاد جموں و کشمیر کے عوام میاں نواز شریف سے محبت کرتے ہیں یہی وجہ ہے کہ آج آزاد جموں و کشمیر میں مسلم لیگ ن کی حکومت ہے۔ وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر فاروق حیدر میاں نواز شریف سے وفاداری کا حق ادا کررہے ہیں۔ پیر کو نوائے وقت سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سمندر پار کشمیری نواز شریف کو اپنا نجات دہندہ سمجھتے ہیں کیونکہ نواز شریف نے کشمیریوں کی آزادی کیلئے اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھی۔ اور کشمیریوں کی آزادی کیلئے ہر بین الاقوامی پلیٹ فارم پر آواز بلند کی۔ ہم نواز شریف کی کال پر ہر وقت سڑکوں پر نکلنے کیلئے تیار ہیں۔