پی سی بی کی نئے منیجنگ ڈائریکٹر کو ریکارڈ تنخواہ و مراعات دینے کی تیاریاں
لاہور (سپورٹس ڈیسک )پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) میں جہاں پہلے ہی گنجائش سے زیادہ ملازمین موجود ہیں، بورڈ نئی تقرریوں کیلئے پرکشش تنخواہیں ادا کرنے کی تیاریاں کررہا ہے۔ نجی چینل کی رپورٹ کے مطابق پی سی بی میں منیجنگ ڈائریکٹر کے نئے عہدے کیلئے بورڈ آف گورنرز سے جس پیکیج کی منظوری حاصل کرنے کیلئے رجوع کیا گیا ہے اگر اس کی رسمی منظوری مل جاتی ہے تو یہ پی سی بی کی تاریخ میں کسی بھی افسر کو ادا کی جانے والی ریکارڈ تنخواہ ہوگی۔پی سی بی کے چیئرمین احسان مانی نے ایم ڈی کیلئے تین ہفتے پہلے اخبار میں اشتہار دیا تھا۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ایم ڈی کو ماہانہ ریکارڈ 20 لاکھ روپے کی تنخواہ اور مراعات کا پیکج دیا جائے گا۔اسی طرح پی سی بی ڈائریکٹر میڈیا کی تنخواہ کے پیکیج کیلئے بھی بورڈ آف گورنرز سے منظوری کیلئے رجوع کیا گیا ہے۔ ڈائریکٹر میڈیا کی تنخواہ اور مراعات کا پیکیج 10 لاکھ روپے ہوگا۔ اس سلسلے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایچ آر ڈپارٹمنٹ نے انٹرویوز مکمل کرلیے ہیں، جلد ہی ایم ڈی اور ڈائریکٹر کے عہدے پر نئی تعیناتیاں کی جائیں گی۔