ویمنز ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ، آسٹریلیا نے آئرلینڈ کو باآسانی 9 وکٹوں سے ہرا دیا
گیانا (اے پی پی) الیسا ہیلے کی ناقابل شکست نصف سنچری کی بدولت آسٹریلین ویمن ٹیم نیآئی سی سی ویمنز ورلڈ ٹی ٹونٹی کرکٹ کپ کے چھٹے میچ میں آئرلینڈ کی ٹیم کو باآسانی 9 وکٹوں سے ہرا دیا۔ الیسا ہیلے نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناقابل شکست 56 رنز بناکر اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا اور اس عمدہ کارکردگی پر ان کو میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ ویسٹ انڈیز میں جاری عالمی ویمنز ٹی ٹونٹی کرکٹ کپ کے سلسلے میں کھیلے گئے چھٹے میچ میں آسٹریلین بائولرز کی عمدہ بائولنگ کی بدوت آئرلینڈ کی ٹیم مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 93 رنز بنا سکی اور اس نے آسٹریلین ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 94 رنز کا ہدف دیا۔ گارتھ نے 24، شیلنگٹن نے 19 اور ڈیلانی نے 14 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی طرف سے پری نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ جواب میں آسٹریلین ٹیم نے وکٹ کیپر اوپننگ بلے باز الیسا ہیلے کی شاندار نصف سنچری کی بدولت مطلوبہ ہدف باآسانی 9.1 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کیا۔ الیسا ہیلے نے ناقابل شکست 56 رنز بنا کر نمایاں رہیں، پری نے ناقابل شکست 9 رنز بنائے۔ مونی 14 رنز بناکر آئوٹ ہوئیں۔ آئرلینڈ کی گارتھ نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ یوں آسٹریلین ویمن ٹیم نے میچ میں آئرلینڈ کی ٹیم کو باآسانی 9 وکٹوں سے ہرا دیا۔