یونین کونسل 27 کا دو ماہ سے خراب ٹیوب ویل، حکام توجہ کب دیں گے؟
راولپنڈی ( جنرل رپورٹر) یونین کونسل 27 مسلم ٹائون کی مسلم سٹریٹ کا ٹیوب ویل گزشتہ دوماہ سے خراب پڑا ہوا ہے حیرت ہے کہ واسا حکام کو مطلع کرنے کے باوجود ٹیوب ویل کی درستگی کے لیے کوئی تعمیری قدم نہیں اٹھایا گیا،لوگ پانی کی بوند بوند کے لیے مارے مارے پھررہے ہیں۔چیئرمین واسا اور چیئرمین آر ڈی اے عارف عباسی سے اہل علاقہ مطالبہ کررہے وہ اس گھمبیر صورت حال کا فوری نوٹس لیں حکام بالا نہ صرف ٹیوب ویل ٹھیک کرائیں بلکہ خراب ٹیوب ویل کو مسلسل نظر انداز کرنے کی روش پر متعلقہ افسر کی باز پرس بھی کریں۔ ادھر چیئرمین یوسی اظہر اقبال ستی کا کہنا تھا کہ وہ خود واسا کے متعلقہ ڈپٹی ڈائریکٹر کو ٹیوب ویل کی بابت اطلاع دے چکے تھے اگروہ چاہتے تو ٹیوب ویل ایک دو دن میں ٹھیک ہوسکتا ہے مگر مزکورہ افسر کی غیر ذمہ داری اور تساہل پسندی کے باعث یوسی 27 کے مکین مشکلات کا شکار ہیں۔ایسا لگتا ہے کہ واسا کے کچھ افسران دانستہ طور پر پی ٹی آئی حکومت کو ناکام کرنے کے لیے بیڈ گورنس کا تاثر دے رہے ہیں۔چیئرمین واسا اور چیئرمین آر ڈی اے عارف عباسی کو ایسارویہ رکھنے والے افسروں کا نوٹس لینا چاہیے اگر انہیں اسی طرح کام نہ کرنے کی کھلی چھٹی دی جاتی رہی تو لوگوں کی پریشانی کا سورج سوا نیزے پر آجائے گا۔