الخلیل ‘اسرائیلی فوج کا فلسطینی سکول پر چھاپہ، اساتذہ اور طلبا پر تشدد ،متعدد زخمی
الخلیل (صباح نیوز)قابض صہیونی فوج کی بھاری نفری نے گذشتہ روز غرب اردن کے جنوبی شہر الخلیل میں قائم طارق بن زیاد اسکول پر چھاپہ مارا اور سکول میں موجود طلبا اور اساتذہ کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اسرائیلی قابض فوج نے غرب اردن کے جنوبی شہر الخلیل میں قائم طارق بن زیاد سکول پر چھاپہ مار کارروائی سے قبل صوتی بموں اور آنسوگیس سے بھی حملہ کیا جس کے نتیجے میں متعدد طلبا زخمی ہوگئے جبکہ کئی طلبا اور اساتذہ دم گھٹنے سے بے ہوش ہوگئے۔عینی شاہدین نے بتایا کہ اسرائیلی فوجی اسکول کے کلاس رومز اور دفاتر میں داخل ہوگئے۔ طلبا کو کمروں سے باہر نکال کر کمروں کی تلاشی لی گئی۔