پیفین گرلز نیٹ بال چیمپین شپ کا آغاز
کراچی (اسپورٹس رپورٹر)پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے زیر اہتمام اور سٹی اسکول پی اے ایف کے تعاون سے پیفین گرلز نیٹ بال چیمپین شپ‘ سٹی اسکول پی اے ایف میں شروع ہوگئی۔ ایونٹ میں 16 ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں جن کو دو کیٹگریز انڈر 18 اور انڈر15 میں تقسیم کیا گیا ہے۔افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی سیمن گلاسن پرنسپل سٹی اسکول پی اے ایف تھے جنہوں نے بال کو نیٹ میں پھینک کر افتتاح کیا۔ اس موقع پر پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے صدر مدثر آرائیں، سیکرٹری جنرل محمد ریاض اور سندھ نیٹ بال ایسوی ایشن کے سیکرٹری جنرل اعجاز الحق بھی موجود تھے۔ افتتاحی میچ انڈر 18 کیٹگری میں سٹی اسکول پی اے ایف(blue ) اور ٹرینٹی گرلز کالج کے مابین کھیلا گیا جسے سٹی اسکول نے پانچ کے مقابلے نو گولوں سے جیت لیا، دیگر میچوں میں حبیب گرلز اسکول نے سٹی اسکول گلشن کو دو کے مقابلے چودہ گولوں سے شکست دی، سٹی اسکول نارتھ ناظم آباد نے سٹی اسکول یونیورسٹی روڈ کو چار کے مقابلے نو گولوں سے شکست دی،سینٹ جوزف اسکول نے زیڈ انٹرنیشنل اسکول کو دو کے مقابلے آٹھ گولوں سے شکست دی، ٹرینٹی گرلز کالج اور سینٹ جوزف اسکول کا میچ چار چار گولوں سے برابر رہا۔