افغانستان میں قیام امن‘ زلمے خلیل زاد کی جلد اسلام آباد آمد متوقع
اسلام آباد (سہیل عبدا الناصر) افغانستان میں قیام امن اور مذاکرات میں پیشرفت کیلئے امریکہ کے خصوصی ایلچی زلمے خلیل زاد ایک بار پھر اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔ ان کی آمد ایک روز میں متوقع ہے۔ طالبان کے ساتھ امریکہ کی براہ راست بات چیت کے بارے میں وہ ، افغان صدر اشرف غنی کو تفصیلات سے آگاہ کر چکے ہیں۔ اسلام آباد میں قیام کے دوران زلمے خلیل زاد، افغان امن عمل سے جڑے سول اور فوجی حکام سے ملاقاتیں کریں گے اور بات چیت کے عمل کو آگے بڑھانے کے بارے میں مشاورت کی جائے گی۔ ایک ذریعہ کے مطابق زلمے خلیل زاد، روس کے زیر اہتمام، حال ہی میں منعقدہ ماسکو کانفرنس کی افادیت کے بارے میں پاکستان کے تاثرات جاننے کی کوشش کریں گے۔ وہ طالبان سے امریکی مزاکرات پرپاکستان کو اعتماد میں لیں گے۔اپنے دورے میں متحدہ عرب امارات اور قطر بھی جائیں گے۔ واضح رہے کہ زلمے خلیل زاد نے گزشتہ ماہ بھی پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ زلمے خلیل زاد کی زیر سرکردگی امریکی سفارت کاری کی اہمیت کا اس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ امریکہ کی سفارش پر پاکستان نے برسوں سے قید طالبان راہنماء ملا برادر کو حال ہی میں رہا کیا ہے تاکہ وہ وہ امن عمل میں حصہ لے سکیں۔ کچھ حلقوں کا دعویٰ ہے کہ رہائی کے باوجود ملا برادر پاکستان میں ہی مقیم ہیں تاکہ وہ آسانی سے ملاقاتوں کا حصہ بن سکیں۔