عاصمہ حدید کی قبلہ اول سے متعلق تقریر قابل مذمت، حکومت وضاحت کرے : سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے پارلیمنٹ میں تحریک انصاف کی خاتون رکن اسمبلی عاصمہ حدید کی طرف سے قبلہ اول کو یہودیوں سے منسوب کرنے اور اسرائیل کو تسلیم کرنے کی تجویز کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ناپاک جسارت مسلمانان عالم کے چودہ سو سالہ موقف کی یکسر نفی اور فلسطینی مسلمانوں ہی نہیں پوری امت مسلمہ کی دل آزاری کے مترادف ہے ۔ منصورہ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق گجرات میں اجتماع ارکان سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ یہ خاتون رکن اسمبلی یا تو اسلام کی بنیادی تعلیمات سے بھی بے بہرہ ہے یا موجودہ حکومت کی طرف سے دانستہ کسی غیر ملکی ایجنڈے کو قسط وار آگے بڑھایا جارہا ہے ۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر اس تقریر کے بارے میں اپنے سرکاری موقف کا اظہار کرے،پاکستان کی قومی اسمبلی میں اس طرح کی جسارت پہلی بار سامنے آئی ہے جس نے پوری قوم کو اضطراب میں مبتلا کردیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ووٹ لینے کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ آئین پاکستان سے کھلم و کھلا انحراف کا ارتکاب شروع ہوجائے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف حکومت کی طر ف سے قادیانیوں کا اداروں میں نفوذاور دوسری طرف اسرائیل کو تسلیم کرنے کی باتیں محض کوئی اتفاق نہیں بلکہ یہ عالمی سطح پر ڈیل آف دی سینچری کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اسرائیل کو تسلیم کرنے کی باتیں چھوڑ کر عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرے ۔ دریں اثناامیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سرا ج الحق کی دعوت پر سپریم کورٹ بار کے نو منتخب صدر امان اللہ کنرانی نے اسلام آباد میں میاں محمد اسلم کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کی ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہاملک بھر کے وکلا نے آپ کو ووٹ دے کر منتخب کیاہے ۔ ہم آپ سے اور وکلا برادری سے توقع رکھتے ہیں کہ آپ جماعت اسلامی ، ملک میں آئین و قانون کی بالادستی اور حقیقی احتساب کی جدوجہد کو آگے بڑھانے میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے ۔