آپؐ باعث تخلیق کائنات‘ تعریف و توصیف کے بغیر ایمان مکمل نہیں: مفتی عثمان
ملتان (سلیم ناز سے‘ تصاویر: خالد چودھری) آپؐ باعث تخلیق کائنات ہیں۔ آپؐ کی تعریف و توصیف کے بغیر ایمان مکمل نہیں ہوتا۔ ان خیالات کا اظہار مدرسہ ہدایت القرآن کے مہتمم مفتی عثمان پسروری نے نوائے وقت کے زیراہتمام حافظ معین خالد ٹرسٹ کے اشتراک سے بیکن فیلڈ ہائی سکول میں منعقدہ جائزہ نعت خوانی کی تقریب میں کیا۔ طلبا و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا نوائے وقت جیسا متحرک و مؤقر ادارہ آج کے دور میں نہ صرف تعلیمی جہاد میں مصروف ہے بلکہ نئی نسل کی ذہنی و فکری آبیاری میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے حافظ معین خالد ٹرسٹ کے چیئرمین حافظ معین خالد نے کہا بچے سنت نبویؐ پر عمل پیرا ہوں تو نعتیہ محافل کے انعقاد کا مقصد پورا ہو جائے گا۔ انہوں نے بچوں کو صفائی کی عادت اپنانے اور ہمیشہ سچ بولنے کی تلقین کی۔ سکول کے پرنسپل پروفیسر اختر انصاری نے کہا نوائے وقت عشق مصطفیؐ کی شمع فروزاں کرکے نئی نسل کو عاشق رسول بنا رہا ہے۔ پروگرام کوارڈینیٹر سلیم ناز نے کہا نوائے وقت ناچ گانوں کی بجائے سنجیدہ اور باوقار تقریبات کو ترجیح دیتا ہے تاکہ نئی نسل کو تعمیری سرگرمیوں کی طرف راغب کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا جشن میلادالنبیؐ کے سلسلہ میں نعتیہ محافل کے انعقاد کا سلسلہ پورا مہینہ جاری رہے گا۔