پی سی بی کا پی ایس ایل کو ا؛لگ یونٹ بنانے کا اصولی فیصلہ
لاہور ( سپورٹس رپورٹر ) ذرائع کے مطابق پاکستان سپر لیگ کو ایک بار پھر آزاد کمپنی بنانے کے لیے چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے مشاورت شروع کر دی ہے اور اس حوالے سے قانونی مشاورت بھی کی جارہی ہے۔پی سی بی کی جانب سے لیگ ڈیپارٹمنٹ کو پی ایس ایل کو الگ کرنے کے لیے جلد تجاویز مرتب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کا چیئرمین، گورننگ بورڈ اور مارکیٹنگ ڈپارٹمنٹ بھی کرکٹ بورڈ سے الگ ہوگا۔ذرائع کے مطابق سابق چئیرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے بھی 2016 میںپی ایس ایل کو الگ کمپنی بنانے کا اعلان کیا تھا مگر سابق چیئرمین شہریار خان کی مخالفت کی وجہ سے ایسا نہ ہوسکا اور نجم سیٹھی نے یہ کہہ کر بحث ختم کی کہ پیپرا رولز کے مطابق پی ایس ایل الگ کمپنی نہیں بن سکتی۔پی ایس ایل ایڈیشن 4 کا فائنل کراچی میں شیدول ہے اور احسان مانی بطور چیئرمین پہلی بار انتظامات کا جائزہ لینے آج کراچی پہنچیں گے ۔ احسان مانی دورہ کراچی میں مختلف شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے، بورڈ کے سربراہ نیشنل سٹیڈیم کا تفصیلی دورہ بھی کریں گے جہاں وہ سٹیڈیم میں جاری تعمیراتی کام کا جائزہ لیں گے اور اس حوالے سے کنسلٹنٹ و متعلقہ حکام سے ضروری بریفننگ لیں گے۔احسان مانی سٹیڈیم ہی میں قائم حنیف محمد ریجنل کرکٹ اکیڈمی بھی جائیں گے، ذرائع کے مطابق احسان مانی وزیر اعلیٰ سندھ سے بھی ملاقات کریں گے، دوران ملاقات پی ایس ایل کی تیاریوں اور کراچی میں شیڈول میچز اور فائنل کے انتظامات پر تبادلہ خیال ہوگا۔