کراچی: ڈیڑھ ماہ کے دوران بجلی کا تیسرا بڑا بریک ڈائون‘ شہر کا بیشتر حصہ متاثر
کراچی (سٹاف رپورٹر)شہر قائد میںڈیڑھ ماہ کے دوران بجلی کے تیسرے بڑے بریک ڈاؤن سے شہر کے بیشتر علاقے بجلی سے محروم ہوگئے۔پیر کی علی الصبح بجلی کا بریک ڈاؤن ہوا اور گارڈن، ڈیفنس، کلفٹن، بفرزون، ناظم آباد، گلشن اقبال، نارتھ ناظم آباد،فیڈرل بی ایریا، ملیر، شاہ فیصل کالونی، پی ای سی ایچ ایس، محمود آباد، بہادرآباد، سپرہائی وے کے اطراف، سہراب گوٹھ، گلشن معمار، انچولی، ایئرپورٹ اور دیگر علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ بریک ڈاؤن سے اسکول و کالج جانے والے بچوں اور دفاتر جانے والے افراد شدید مشکلات میں پھنس گئے ۔دوسری جانب سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کے الیکٹرک حکام کا کہنا تھا کہ نیشنل گرڈ کی ٹرانسمیشن لائن ٹرپ کرنے کے باعث بجلی کی فراہمی معطل ہوئی،نیشنل گرڈ سے آنے والی 500 کے وی کی ٹرانسمیشن لائن ٹرپ ہوئی، جس کے باعث شہر کے بیشتر علاقے بجلی سے محروم ہیں۔کے الیکٹرک شہریوں کو پہنچنے والی تکلیف پر معذرت خواہ ہیں اور درخواست کرتی ہے کہ شہری ہم سے تعاون کریں۔شہر میں بجلی کئی گھنٹوں بعد بحال ہوئی۔واضح رہے کہ کراچی میں اس طرح کا بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن کوئی پہلی مرتبہ نہیں بلکہ گزشتہ ایک ماہ میں 4 سے 5 مرتبہ شہر قائد کے عوام اس مشکل کا شکار ہوچکے ہیں۔ لیکن اس کے باوجود کے الیکٹرک نے اپنے نظام کی بہتری اور متبادل ذرائع سے بجلی کی فراہمی کے لیے موثر انتظامات نہیں کیے۔خیال رہے کہشہر قائد میں بجلی کے بریک ڈاؤن اور شہریوں کو بلا امتیاز بجلی کی فراہمی میں ناکامی پر نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی جانب سے کے الیکٹرک پر جرمانہ بھی عائد کیا گیا تھا۔