پشاور: شادی والے گھر میں معمولی تلخ کلامی پر فائرنگ‘ 3 افراد جاں بحق‘ ایک زخمی
پشاور(بیورورپورٹ)پشاور صدر کے علاقہ نوتھیہ قدیم میں شادی کی تقریب کے دوران دو فریقین کے مابین فائرنگ تبادلہ میں عوامی نیشنل پارٹی سے تعلق رکھنے والے نائب ناظم سمیت 3 افراد جاں بحق جبکہ ایک شدید زخمی ہوگیا جسے تشویشناک حالت میں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے، مقتولین میں نائب ناظم کا بھائی بھی شامل ہے، پولیس نے پوسٹ مارٹم کے بعد نعشیں ورثاء کے حوالے کردیںاور مقدمہ درج کرکے مختلف زاویوں سے تفتیش کا آغاز کردیا ہے، دوسری جانب شادی کی تقریب میں فائرنگ کی واردات سے لوگوں میں بھگدڑ مچ گئی جبکہ شادی کا گھر ماتم کدہ میں تبدیل ہوگیا۔ تھانہ گلبرگ پولیس کے مطابق اتوار اور پیر کی درمیانی شب تقریباً 1 بجے کے بعد نوتھیہ قدیم میں شادی کی تقریب جاری تھی جس میں دو جگری دوستوں اے این پی سے تعلق رکھنے والے نائب ناظم شیر علی ولد حاجی اکرم کی اپنے دوست طارق ولد فقیر سید ساکن گلستان کالونی سے مہمانوں کے ساتھ بدسلوکی کرنے کے تنازعہ پر زبانی تکرار ہوگئی جس کے دوران دونوں نے ایک دوسرے پر فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں نائب ناظم شیر علی اور اُس کا بھائی اصغر علی جبکہ فریق دوئم سے طارق لگ کر جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کی زد میں آکر ایک راہگیر ملاء اللہ ولد نصر اللہ ساکن افغانستان حال مسکین آباد بھی زخمی ہوا جسے تشویشناک حالت میں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا ہے جبکہ واقعے کا مقدمہ اسسٹنٹ سب انسپکٹر شاہد کی مدعیت میں درج کرکے مختلف زاویوں سے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔