نشتر میں 24 گھنٹوں کے دوران 150 سموگ متاثرہ داخل، 10 بھٹہ خشت مالکان کیخلاف مقدمات
ملتان‘ خانیوال ‘ کوٹ ادو‘ ظریف شہید (سپیشل رپورٹر‘ خبرنگار خصوصی‘ نمائندہ نوائے وقت‘ خبرنگار) سموگ کے انسانی صحت پر خطرناک اثرات مرتب ہونا شروع ہو گئے،ملتان میں گزشہ کئی روز سے سموگ نے شہریوں کو بڑی تعداد میں بیمار کرنا شروع کر دیا، نشتر ہسپتال میں 24 گھنٹوں کے دوران سموگ سے متاثرہ 135 مریض رپورٹ ہوئے, سموگ سے سانس کی تکلیف کے 48 ، دمہ 37 ، دل کے امراض اور سٹروک کے 50 مریض داخل ہوئے , آوٹ ڈور میں بھی روزانہ سموگ سے متاثرہ 150 سے 200 مریض آرہے ہیں،ڈائریکٹر ایمرجنسی ڈاکٹر امجد چانڈیوں کا کہنا ہے کہ سموگ میں کیمیکلز اور کئی زہریلے اجزا شامل ہوتے ہیں ، احتیاط ضروری ہے۔ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق مزید دو سے تین روز سموگ پڑنے کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے پیر کے روز ملتان میں درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ 22.5 کم سے کم 13.9 بہاولپور زیادہ سے زیادہ 25.1 کم سے کم 14.3 رحیم یارخان زیادہ سے زیادہ 28.5 کم سے کم 16.8 خان پور زیادہ سے زیادہ 27.5 کم سے کم 13.8 بہاولنگر کم سے کم 13 کوٹ ادو زیادہ سے زیادہ 26 کم سے کم 14.8 ڈی جی خان زیادہ سے زیادہ 27.7 کم سے کم 12 کروڑ لعل عیسن زیادہ سے زیادہ 25.5 کم سے کم 11.8 درجے سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔ خانیوال سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق اس وقت 283 اینٹوں کے بھٹے کام کر رہے ہیں جن میں سے 276 ۔ بھٹہ مالکان نے حکومت پنجاب کی ہدایات پر عمل کر تے ہوئے از خود رضاکارانہ طور پر اپنے بھٹے بند کر دیئے تھے جبکہ 3 ۔نومبر 2018 کے بعد07 ۔بھٹہ مالکان نے خلاف ورزی کرتے ہوئے کام جاری رکھا ہوا تھا جن کے خلاف کاروائی کی گئی اور انکے خلاف مقدمات درج کرا دیئے گئے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع خانیوال میں سموگ کے پیش نظر اور حکومتی ہدایت کے مطابق اس وقت تما م اینٹوں کے بھٹہ جات بند ہیں انہوں نے کہا کہ دوسرے مرحلہ میں دھواںکا اخراج کرنے والی فیکٹریوں کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔کوٹ ادو سے خبر نگار کے مطابق گورنمنٹ آف پنجاب ہوم ڈیپارنمنٹ نے ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ ٹائر پلاسٹک پولی تھین بیگ، ربڑ اور جمڑے کو بطور ایندھن چلانے اور ایسے تمام یونٹس جو زیادہ مقدار میں دھواں خارج کرتے ہوں ان پر پابندی عائد کی تھی اور دفعہ 144 عائد کیا تھا اس حوالے سے محکمہ تحفظ ماحول حکومت پنجاب نے صوبہ بھر میں سموگ کی بڑھتی ہوئی صورتحال کو کنٹرول کرنے کیلئے بھٹہ خشت کو بند کرنے کے احکامات بھی جاری کئے تھے جس پر بھٹہ خشت بند نہ کرنے والے بھٹہ مالکان کے خلاف کاروائی جاری ہے، گزشتہ روز انسپکٹر ماحولیات مظفر گڑھ واجد محمود نے گزشتہ روز تھانہ دائرہ دین پناہ کے علاقہ میں چھاپے مارے اور حکومت احکامات نہ ماننے والے 4 بھٹہ خشت انصاف بھٹہ خشت بستی آڑہ، منصور آوی خشت، حاجی شریف آدی خشت، شیخ جبار کے خلاف تھانہ دائرہ دین پناہ استعاساء بھیجوا دئیے ، پولیس دائرہ دین پناہ نے انسپکٹر ماحولیات مظفر گڑھ واجد محمود کی مدعیت میں مقدمہ اندراج کر کے بھٹہ خشت مالکان کی تلاش شروع کر دی ہے،دوسری طرف انسپکٹر ماحولیات واجد محمود ملک کے چھاپے کی خبر سنتے ہی کئی بھٹہ خشت مالکان لیبر سمیت موقع سے فرار ہو گئے۔ ظریف شہید سے خبرنگار کے مطابق دوسرے شہروں کی طرح راجہ رام مٹوٹلی وملحقہ علاقوںمیںسموگ چھائی رہی جس سے ٹریفک کی روانی متاثر رہی اور شہریوں کو سانس لینے میں دشواری رہی گلے کے امراض اور آنکھوں میں چبھن کی بھی شکایت رہی سموگ سے خاص طور پر بچے متاثر ہورہے ہیں جبکہ لوگوں نے بارشوں کے لئے دعا مانگنا شروع کردیں ۔