واسا سیوریج سسٹم سے غیر قانونی منسلک رہائشی سکیموں کیخلاف کریک ڈائون
ملتان (خبر نگار خصوصی) منیجنگ ڈائریکٹر واسا مشتاق احمد خان کی ہدایت پر شعبہ ریکوری نے ایسی تمام غیر قانونی رہائشی سکیموں، لینڈ سب ڈویژنوں کے خلاف کریک ڈائون تیز کر دیا ہے جنہوں نے واسا سے منظوری اور فیسوں کی ادائیگی کے بغیر اپنا سیوریج کنکشن واسا کے سسٹم سے منسلک کر لیا ہے۔ گزشتہ روز ڈپٹی ڈائریکٹر و فوکل پرسن ہائوسنگ کالونیز منصور احمد، ڈپٹی ڈائریکٹر سیوریج سائوتھ ڈویژن عرفان علی کی سربراہی میں خصوصی ڈسکنکشن ٹیم نے بھاری مشیری کے ہمراہ عسکریہ بائی پاس روڈ پر کارروائی کی اور رہائشی سکیم فیصل کاٹیج جو کہ واسا فیسوں کی مد میں 10 لاکھ روپے کی نادہندہ ہے کا سیوریج کا کنکشن منقطع کردیا گیا۔ دریں اثناء منیجنگ ڈائریکٹر واسا نے واسا کے تمام ڈیفالٹروں کے خلاف سخت کارروائی کے بھی احکامات جاری کر دیئے ہیں۔