نئے بھرتی شدہ ڈاکٹرز کو اینستھیزیا کی بھی تربیت دی جائے:وزیر صحت
لاہور (نیوز رپورٹر)وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشدنے ہدایت کی ہے کہ نئے بھرتی ہونے والے ڈاکٹرز کو اینستھیزیا کی بھی تربیت دی جائے۔ اینستھیزیا ماہرین کی کمی دور کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں۔ اس سلسلے میں تعلیمی اداروں میں نشستیں بھی بڑھائی جارہی ہیں۔ محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ میں بذریعہ ویڈیو لنک صوبہ بھر کے سی ای اوز ہیلتھ کی کانفرنس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے اس بات پر برہمی کا اظہار کیا کہ واضح ہدایات کے باوجود ضلعی ہسپتالوں سے ٹھوس وجوہات کے بغیر بڑے ہسپتالوں کو مریض ریفر کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ ایم ایس صاحبان اس بات کا خیال رکھیں کہ سپیشلسٹ ڈاکٹر کی تحریری رپورٹ کے بغیر کوئی مریض اضلاع سے نہ ریفر کیا جائے۔ وزیر صحت نے کہا کہ 7 ہزار نئے ڈاکٹرز پبلک سروس کمیشن سے بھرتی ہو چکے ہیں۔ نئے بھرتی ہونے والے ڈاکٹرز فوری طور پر جائے تعیناتی پر رپورٹ کریں۔ دریں اثنا وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد سے یونیسیف کے وفد نے چیف فیلڈ آفس ڈاکٹر زیبا بخاری کی قیادت میں یہاں ملاقات کی جس میں بریسٹ فیڈنگ سے آگاہی اور غذائیت کی کمی کے پروگرام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ پنجاب حکومت ماں اور بچے کی صحت پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔انہوں نے تجویز دی کہ یونیسیف پنجاب کے مخصوص اضلاع یا سکولوں میں نیوٹریشن پروگرام شروع کرے۔ اس موقع پر وفد نے یونیسیف کی طرف سے محکمہ صحت پنجاب کو نیوٹریشن پروگرام میں تکنیکی اور مالی معاونت کی پیشکش کی۔