پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر یونیورسٹی آف جھنگ کے وائس چانسلر مقرر: نوٹیفکیشن جاری
لاہور (نیوز رپورٹر) حکومت پناب نے ڈیپارٹمنٹ آف کول ٹیکنالوجی پنجاب یونیورسٹی کے ڈائریکٹر بین الاقوامی شہرت یافتہ سائنس دان اور محقق پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر کو یونیورسٹی آف جھنگ کا وائس چانسلر مقرر کر دیا ہے۔ چانسلر/ گورنر پنجاب کی طرف سے ان کے نام کی منظوری دی گئی اور نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر بین الاقوامی شہرت یافتہ سائنس دان اور محقق ہیں۔ جن کے پچاس سے زائد مقالہ جات بین الاقوامی کانفرنسوں میں شائع ہو چکے ہیں جن کو بین الاقوامی محققین کثیر تعداد میں حوالے کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔ ڈاکٹر شاہد منیر کا دائرہ تحقیق، انرجی اور ماحولیاتی انجینئرنگ ہے۔ انہوں نے برطانیہ کی لیڈز یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی ہے۔ امریکہ، برطانیہ اور سعودی عرب کی جامعات میں جاب کی پیشکش ٹھکرا کر انہوں نے پاکستان آنے کا فیصلہ کیا۔ اس سے قبل انہوں نے جامعہ پنجاب سے ماسٹرز آف کیمیکل انجینئرنگ میں سونے کا تمغہ حاصل کیا تھا۔ انہوں نے ایم بی اے بھی کیا ہے اور دس سال تک کارپوریٹ سیکٹر میں کام کا تجربہ بھی رکھتے ہیں۔ ڈاکٹرشاہد منیر وہ واحد سائنس دان ہیں جنہوں نے 2012 میں ڈاکٹر ثمر مبارک مند کے زیر زمین کوئلے سے بجلی کے نظرئیے کو چیلنج کیا تھا اور بین الاقوامی سطح پر پذیرائی حاصل کی اور قوم کو متنبہ کیا تھا کہ ڈاکٹر ثمر مبارک قوم کو گمراہ کر رہے ہیں۔ وہ اس وقت سنٹر فار کول ٹیکنالوجی پنجاب یونیورسٹی کے ڈائریکٹر ہیں جہاں انہوں نے عالمی معیار کی لیبارٹریز اور پائلٹ پلانٹ لگائے اور ادارے کو بے پناہ وسعت دی اور رانرجی انسٹی ٹیوٹ میں بدل دیا اور اس ادارے کو انہوں نے انڈیا کے انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی سے بہتر بنا کر دکھا دیا ہے۔ ڈاکٹر شاہد نے سنٹر فار کول ٹیکنالوجی کو عروج تک پہنچایا کئی نئے پروگرامز شروع کئے۔ وہ لاہور چیمبر آف کامرس کی قائمہ کمیٹیوں کے ممبر بھی رہے۔ وہ پنجاب یونیورسٹی کی متعدد آئینی فیصلہ ساز کمیٹیوں کے چیئرمین اور ممبر بھی ہیں۔ وہ ساڑھے تین سال تک پنجاب یونیورسٹی شعبہ امتحانات کے کنٹرولر بھی رہے۔ کہا جاتا ہے کہ وہ پنجاب یونیورسٹی کی تاریخ کے کامیاب ترین کنٹرولر تھے جہاں اس نے تمام پرانے قواعد و ضوابط کو بدل کر طلبا دوست بنایا۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی کا استعمال کرکے شفافیت کو یقینی بنایا۔