لاہور کے متعدد علاقوں میں گیس کی لوڈشیڈنگ، شہریوں کا احتجاج، محکمے کے خلاف نعرے بازی
لاہور (نیوز رپورٹر) موسم سرد ہوتے ہی لاہور اور اس کے گرد و نواح میں گیس کی لوڈشیڈنگ تیز ہو گئی۔ لاہور کے گنجان آبادی کا عرصہ دراز سے لوڈشیڈنگ کی اذیت میں گرفتار ہیں۔ سمن آباد مصری شاہ، اقبال ٹائون، والٹن، احاطہ مولچند، بادامی باغ، وسن پورہ، فیض باغ، شادباغ، انگوری، باغ سکیم سمیت دیگر علاقوں میں گیس کی لوڈشیڈنگ خصوصاً صبح اور شام کے اوقات میں معمول سے بڑھ گئی ہے۔ متاثرہ علاقوں میں 3 گھنٹے تک گیس کی لوڈشیڈنگ جاری ہے۔ سوئی ناردرن لاہور ریجن حکام کو گیس کی لوڈشیڈنگ کے ساتھ گیس پریشر کی سینکڑوں شکایات موصول ہو رہی ہیں۔ صوبائی دارالحکومت میں احاطہ مولچند کے مکینوں نے گیس کی لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج کیا اور سوئی گیس محکمے کے خلاف نعرے بازی کی۔