ناکام معاشی پالیسیوں کے باعث طبقاتی فرق میں اضافہ تشویشناک ہے : امیرالعظیم
لاہور (خصوصی نامہ نگار)امیرجماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب امیر العظیم نے پاکستان میں طبقاتی فرق کے حوالے سے ورلڈبنک کی تازہ رپورٹ کوتشویشناک قراردیتے ہوئے کہاہے کہ حکمرانوں کی ناکام معاشی پالیسیوں کی بدولت ملک میں امیر اور غریب کے درمیان طبقاتی فرق میں اضافہ تشویشناک اور لمحہ فکریہ ہے۔ورلڈ بنک کی رپورٹ سے ظاہر ہوتاہے کہ حکمرانوں کے پاس کسی قسم کی کوئی معاشی پالیسی نہیں۔رپورٹ کے مطابق بلوچستان کی62فیصد،سندھ کی30،پنجاب کی13اور خیبرپختونخواہ کی15فیصد آباد ی خط غربت سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہے جبکہ اس حوالے سے حکومتی اقدامات غیر تسلی بخش ہیں۔انہوں نے کہاکہ ایک طرف وزیر خزانہ کہتے ہیں کہ12ارب ڈالر کی فوری امداد سے معاشی بحران ٹل چکا ہے اور آئی ایم ایف کے پاس جانے کی ضرورت نہیں دوسری طرف آئی ایم ایف کے حکام کے ساتھ قرض حاصل کرنے کے لیے مذاکرات کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ عوام کوریلیف فراہم کرنے کے لیے حکومت فوری طورپر ایک بڑے ریلیف پیکیج کااعلان کرے۔ عمران خان نے تبدیلی کاجونعرہ لگایاتھا اسے پورا کریں۔ امیر العظیم نے مزیدکہاکہ ملکی صنعت بدترین صورتحال کاشکار ہے۔ بڑے تعمیراتی منصوبوں پر کام ٹھپ پڑاہے جس سے ان کے ساتھ جڑی چھوٹی صنعتوں میں بھی مسائل جنم لے رہے ہیں۔