تین ماہ تک گیس کی بندش سے صنعتی شعبہ متاثر ہو گا : شفیق اے نقی
لاہور(کامرس رپورٹر)چیئرمین لاہور ٹائون شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن ڈاکٹر شفیق اے نقی نے موسم سرما کے 3ماہ کیلئے سوئی گیس حکام کے گیس لوڈ مینجمنٹ کے مطابق درآمدی صنعتوں کے علاوہ دیگر صنعتوں کو سردیوں میں گیس کی فراہمی بند رہنے کے اعلان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دسمبر تا مارچ 3ماہ تک گیس کی بندش سے صنعتی شعبہ متاثر ہوگا۔ صنعتی شعبہ کیلئے گیس مہنگی کرنے کے باوجود گیس کی لوڈشیڈنگ سے صنعتیں بند اور مزدور بے روزگار ہونگے ۔۔انہوںنے کہا کہ پاکستان روس کے ساتھ تاپی گیس معاہدہ کے ساتھ ساتھ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ پر بھی جلد پیش رفت کی جائے کیونکہ اس منصوبہ سے پاکستان کی گیس کی ضروریات پوری ہونگی۔ایران کی طرف سے پاکستانی سرحد تک گیس پائپ لائن مکمل ہے ۔دونوں اسلامی ممالک کی سرحدیں ساتھ ساتھ ملنے سے ایران سے گیس کی فراہمی آسان ہے ۔ کہ ان خیالات کا اظہار انہوںنے سینئر وائس چیئرمین میاں شہریار علی حافظ ایم عمران حمید وائس چیئرمین کے ساتھ ٹائون شپ انڈسٹریز کے صنعتکاروں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔