نظریہ پاکستان بورڈ آف گورنرز کا اجلاس، رفیق تارڑ دوبارہ متفقہ چیئرمین منتخب
لاہور (نیوز رپورٹر) تحریک پاکستان کارکن اور سابق صدر پاکستان محمد رفیق تارڑ کو نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کا متفقہ طور پر دوبارہ چیئرمین منتخب کر لیا گیا ہے۔ اس بات کا فیصلہ ایوان کارکنان تحریک پاکستان‘ لاہور میں نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے بورڈ آف گورنرز کے20ویں اجلاس میں ہوا جس کی صدارت پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد نے کی ۔ اجلاس میں گزشتہ اجلاس کی کارروائی کی توثیق، سالانہ بجٹ، آئندہ لائحہ عمل اور اہم تنظیمی فیصلوں کی منظوری دی گئی۔ اجلاس نے گزشتہ کارکردگی رپورٹ پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے سیکرٹری شاہد رشید اور ان کی ٹیم کو سراہا۔ بورڈ آف گورنرز کے ممبران نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم پاکستان کے بنیادی نظریات کے تحفظ اور اس کی ترویج واشاعت کے ساتھ پاکستان کو قائداعظم محمد علی جناحؒ کے افکار و نظریات کے مطابق ایک جدید اسلامی جمہوری فلاحی ملک بنانے کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ بورڈ آف گورنرز نے آئندہ دو سال کیلئے اتفاق رائے سے محمد رفیق تارڑ کو چیئرمین منتخب کر لیا ۔دیگر منتخب عہدیداران میں بیگم مجیدہ وائیں سرپرست‘ ڈاکٹررفیق احمد، جسٹس (ر) خلیل الرحمن خان اور میاں فاروق الطاف کو وائس چیئرمین، شاہد رشید سیکرٹری، بیگم مہناز رفیع کنوینر شعبۂ خواتین، بیگم بشریٰ رحمن کنوینئر ریسرچ اینڈ پبلکیشنز کمیٹی، پروفیسر ڈاکٹر پروین خان کنوینئر مادرملتؒ سنٹر شامل ہیں جبکہ شعبۂ خواتین کیلئے بیگم صفیہ اسحاق کنویئنر آرگنائزنگ کمیٹی، بیگم خالدہ جمیل کنویئنر پروگرامز کمیٹی اور ڈاکٹر غزالہ شاہین وائیں کو کنویئنر رابطہ کمیٹی منتخب کیا گیا۔
رفیق تارڑ / چیئرمین