امریکہ ناکام رہا‘ افغانستان سے انخلاء کا شیڈول دے ‘ طالبان مذاکرات کیلئے تیار ہیں: روس
ماسکو (اے پی پی) طالبان افغانستان سے اپنی فوج کے انخلا کا شیڈول دینے کی صورت میں امریکا کے ساتھ مذاکرات کے لئے تیار ہیں۔یہ بات افغانستان کے لئے روسی صدر کے ایلچی روسی وزارت خارجہ میں سیکنڈ ایشین ڈیپارٹمنٹ ڈائریکٹر ضمیر کابلوف نے ماسکو میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہی۔انہوں نے کہا کہ طالبان نے اعتماد سازی کے اقدامات کے طور پر سیاسی قیدیوں کی رہائی اور طالبان کے خلاف 1997ء سے عائد پابندیوں کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔روسی خبر رساں ادارے سپٹنک کی رپورٹ کے مطابق ضمیر کابلوف نے کہا کہ طالبان افغانستان بارے ماسکو میں ہونے والے آئندہ اجلاس میں شرکت پر بھی آمادہ ہیں۔ وہ اصولی طور پر بات چیت کے لئے تیارہیں اور افغانستان کے مسئلہ کے بات چیت کے ذریعے حل کو پسند کرتے ہیں۔اس حوالہ سے 9 نومبر کو ماسکو میں ہونے والے اجلاس کو ایک بریک تھرو سمجھا جا سکتا ہے۔